کراچی میں مزید 3 روز بارشوں کی پیشگوئی
شہر قائد میں مسلسل 3 روز سے مینہ برس رہا ہے جب کہ محکمہ موسمیات نے یہ سلسلہ جمعے تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں گزشتہ 3 روز سے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
بارش کا نیا سلسلہ بدھ کی علی الصبح سے شروع ہوا اور وقفے وقفے سے تاحال جاری ہے۔ ماحول میں شدید حبس کی کیفیت ہے جس کی وجہ سے بارش کے باوجود گرمی کا اثر کم نہیں ہورہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا سسٹم مسلسل بحیرہ عرب سے ملک میں داخل ہورہا ہے۔
مون سون سسٹم کے باعث 8 جولائی تک کراچی، حیدر آباد، جامشورو،ٹھٹہ، میر پور خاص، نوابشاہ، دادو، عمر کوٹ، تھرپارکر، جیکب آباد اور سکھر میں گرج چمک کے ساتھ کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں سے کراچی، حیدر آباد اور سکھر ڈویژنز میں نشیبی علاقے زیر آب آسکتے ہیں۔

Comments
Post a Comment